مسلم لیگ ن کو مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت مل گئی

10-15-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کو 21 اکتوبر کو مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت مل گئی۔

ڈپٹی کمشنرلاہور رافعہ حیدر نے جلسے کی اجازت کیلئے این او سی بھی جاری کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ نے مسلم لیگ ن کو مشروط اجازت نامے میں کہا ہے کہ کسی بھی قسم کا نقصان پہنچنے پرپارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی رقم وصول کرےگی، جلسہ آرگنائزر سکیورٹی اور ٹریفک سے متعلق متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں رہیں گے، ٹریفک پولیس ٹریفک پلان اور ٹریفک ایڈوائزری جاری کرے گی۔ قبل ازیں ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے، ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس آئندہ دو روز میں ہوگا، مسلم لیگ ن کو مینار پاکستان  گراؤنڈ  میں جلسہ کرنے کی اجازت شرائط کیساتھ دی جائے گی۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت کے حوالے سے انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ تحریک انصاف کی درخواست کا بغور جائزہ لیا لیکن جلسے کی اجازت ملنا مشکل ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف جہاں جلسہ کرنا چاہتی ہے وہاں جلسے کی اجازت دینا ممکن نہیں، تحریک انصاف اگر بڑے گراؤنڈ میں جلسہ کرنا چاہتی ہے تو پھر غور کیا جاسکتا ہے۔