عابد باکسر پر بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کا مقدمہ درج

10-15-2023

(لاہورنیوز) سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر پر تھانہ باغبانپورہ میں بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ باغبانپورہ داروغہ والا تھانے میں نجی ہوٹل کے مالک احمد علی نے درج کروایا۔ مقدمہ 365اے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ  عابد باکسر کے چار سے پانچ ساتھیوں نے ہوٹل آکر دو کروڑ مانگے ، مسلح افراد نے اپنے موبائل فون سے عابد باکسر سے بات کروائی، بات کرنے پر دو کروڑ روپے مانگے اور نہ دینے پر قتل کی دھمکی دی گئی ۔ ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ چار پانچ روز بعد دوبارہ بھتہ مانگا گیا اور نہ دینے پر اغواء کرلیا اور میرے گھر والوں سے دس لاکھ روپے وصول کیے اور باقی دینے کی شرط پر رہا کیا گیا ۔ ہوٹل مالک احمد علی کی درخواست پر عابد باکسر سمیت پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔