مہنگائی کی ستائی عوام کو گورنرسٹیٹ بینک نے خوشخبری سنا دی

10-14-2023

(ویب ڈیسک)گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اہداف حاصل کر لئے ہیں،اب مہنگائی میں کمی ہوگی۔

تفصیلات کےمطابق اپنے بیان میں گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ جن انتظامی اقدامات سے گذشتہ برس جاری کھاتے کے خسارے کو کم کرنے میں مدد ملی تھی ، اب انہیں واپس لے لیا گیا ہے۔ اس سے قطع نظر، استحکام کے جاری اقدامات اور لچکدار شرح مبادلہ کے سبب توقع ہے کہ مالی سال 2024 میں جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے 0.5 تا 1.5 فیصد کی حد میں رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد ہونے کے ساتھ سٹیٹ بینک حقیقی شرح سود کا جائزہ لیتا ہے جو مستقبل کی بنیاد پر کافی حد تک مثبت ہو رہی ہے کیونکہ رواں مالی سال کی دوسری ششماہی کے دوران مہنگائی میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ گورنر نے سرمایہ کاروں کو آگاہ کیا کہ حکومت اور مرکزی بینک کے موجودہ پالیسی اقدامات میکرو اکنامک عدم توازن کو دور کرکے استحکام حاصل کرنے کی طرف رواں دواں ہیں۔ توقع ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈ بائی معاہدہ معیشت کو مستحکم کرنے کی جاری پالیسی کوششوں میں مزید مدد دے گا۔