جناح ہاؤس حملہ، اعجاز چودھری سمیت 152 ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کا حکم
10-14-2023
(لاہور نیوز) 9 مئی کو جناح ہاؤس پر حملے کے معاملے پر انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت نے محمودالرشید ، عمر چیمہ اور اعجاز چودھری سمیت 152 ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کا حکم دے دیا۔
جناح ہاؤس پر حملے کے مقدمے میں میاں محمودالرشید ، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چودھری سمیت 152 ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت پیش کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گُل خان نے سماعت کی۔ عدالت نے تمام ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کا حکم دے دیا۔ تمام ملزمان کے خلاف مکمل چالان بھی طلب کر لیا گیا۔ جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے ایک اور مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما ارونا نعیم سمیت 9 ملزموں کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد ارشد جاوید نے سماعت کی۔ عدالت کے استفسار پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ جناح ہاؤس کیس کا ریکارڈ ہائیکورٹ میں جمع کرا رکھا ہے، ملے گا تو یہاں پیش کر دیں گے۔ عدالت نے سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں زیر حراست ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمے میں بغاوت سمیت دیگر سنگین دفعات بھی شامل ہو چکی ہیں۔