ڈینگی مچھر کے خطرناک وار، پنجاب بھر میں 214 نئے مریض سامنے آ گئے
10-14-2023
(لاہور نیوز) ڈینگی مچھر کے خطرناک وار جاری ہیں۔ 24 گھنٹے کے دوران لاہور میں ڈینگی کے 106، پنجاب بھر میں 214 نئے مریض سامنے آ گئے۔
شہرِ لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی قابو میں نہ آ سکا۔ سیکرٹری محکمہ صحت پنجاب علی جان خان کے مطابق راولپنڈی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 51 ، ملتان میں 13، گوجرانوالہ میں 19، فیصل آباد میں 4 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ قصور ، اٹک، مظفرگڑھ، سرگودھا اور حافظ آباد میں ڈینگی کے دو ،دو نئے مریض سامنے آئے۔ سیکرٹری صحت نے شہریوں سے اپنے ماحول کو خشک رکھنے اور محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کرنے کا مطالبہ کیا۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ لاہور میں مثبت لاروا ملنے پر ایک روز میں 1 ہزار 418 پوائنٹس پر ڈینگی سپرے کیا گیا۔ 54ہزار 470 اِنڈور چیکنگ کے نتیجے میں 1381 مثبت لاروا گھروں سے ملے۔ آوٹ ڈور 9 ہزار 673 ڈینگی سرویلنس کے نتیجے میں 37 جگہوں سے مثبت لاروا شناخت ہوا۔ شہری ڈینگی مچھر اور لاروا کے حوالے سے اطلاع دیں، فوری کارروائی کے لئے ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔ کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ شہریوں کی مدد کے بغیر انسداد ڈینگی مہم سو فیصد مکمل نہیں ہو سکتی۔