علی ظفر نے وعدہ پورا کر دیا، ورلڈکپ ترانہ ریلیز

10-14-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکارعلی ظفر نے شائقین کرکٹ سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے پاک بھارت ٹاکرے سے قبل ہی ورلڈ کپ کے لیے خصوصی ترانہ ریلیز کردیا ۔

علی ظفر نے ‘مزہ آیا’ کے عنوان سے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے ترانہ جاری کیا ہے جس کا ایک مختصر ویڈیو کلپ گلوکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پوسٹ کی ہے۔   گلوکار نے ورلڈ کپ ترانہ ‘مزہ آیا’ کی مکمل ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کی ہے جسے اب تک ہزاروں شائقین دیکھ چکے ہیں۔ اس ترانے کے ہدایتکار، کمپوزر اور پروڈیوسر بھی علی ظفر ہی ہیں جبکہ میوزک پروڈکشن علی مصطفیٰ نے کی ہے۔ شائقین کرکٹ کی جانب سے ورلڈ کپ ترانہ ‘مزہ آیا’ کو بےحد پسند کیا جارہا ہے اور ترانے پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب آج احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں آئی سی سی  ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کھیلا جارہا ہے، میچ سے قبل ورلڈ کپ ترانہ جاری کرکے علی ظفر نے پاکستانی شائقین کرکٹ کو پُرجوش کردیا ہے۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کیے گئے ورلڈ کپ 2023 کے ترانے پر شائقین کرکٹ کے ردعمل کے بعد علی ظفر نے ورلڈ کپ کا ترانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔