میاں نواز شریف کی وطن واپسی، خصوصی پرواز کی تفصیلات منظر عام پر آ گئیں

10-14-2023

(لاہور نیوز) مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے خصوصی پرواز کی تفصیلات منظر عام پر آ گئیں۔

‏ فلائی دبئی کی خصوصی پرواز دبئی ایئرپورٹ ٹرمینل ٹو سے روانہ ہو گی۔ امید پاکستان طیارہ سابق وزیراعظم کو لے کر یو اے ای کے وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے اڑان بھرے گا۔ نواز شریف کا طیارہ 21 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے لاہور ایئرپورٹ پر اترے گا۔ چارٹرڈ طیارے کی لینڈنگ اور پارکنگ کے حوالے سے حکومت پاکستان سے رابطہ کر لیا گیا۔ خصوصی پرواز میں 152 افراد سوار ہوں گے۔ خصوصی طیارے میں نواز شریف کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے کارکن اور صحافی لاہور پہنچیں گے۔ صدر مسلم لیگ ن لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر کا کہنا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان میں ہوں گے۔ لاکھوں افراد اپنے قائد کا پرتپاک استقبال کریں گے۔ 21 اکتوبر کا سورج خوشحالی لے کر آئے گا۔ ملک سیف الملوک کھوکھر کا مزید کہنا تھا کہ اگر ان کی گرفتاری ہوتی ہے تو بھی ن لیگ قانون کی پاسداری کرے گی، ہم تشدد پسند نہیں ہیں۔