محسن نقوی سے مرتضیٰ سولنگی کی ملاقات،میڈیا انڈسٹری کے مسائل پر بات چیت
10-14-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،میڈیا انڈسٹری کے مسائل کے حل اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کی فلاح وبہبود کے لئے پہلی بار ایک ارب روپے کا انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا ہے، صحافیوں کے دیگرمسائل کے حل کے لئے بھی کوشاں ہیں۔ نگران وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں عوامی فلاح کے منصوبوں کی تکمیل کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے دن رات ایک کیا ہوا ہے، ”محسن سپیڈ“ عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کی تکمیل میں معاون ثابت ہورہی ہے۔ اس موقع پرپنجاب کے نگران صوبائی وزیراطلاعات عامر میر اور سیکرٹری اطلاعات بھی موجود تھے۔