ایل ڈی اے سٹی کو منافع بخش بنانے کیلئے سی بی ڈی بنانے کا منصوبہ تیار

10-13-2023

(لاہور نیوز) ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ کو منافع بخش بنانے کیلئے سکیم میں سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے سٹی میں پہلی بار"سی بی ڈی"بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ سے 230 ارب روپے ریونیو کا تخمینہ لگایا گیا ہے، ڈی جی ایل ڈی اے نے شعبہ ہاؤسنگ اور انجینئرنگ کو ورکنگ پیپر بنانے کا حکم دے دیا،ایل ڈی اے سٹی اپارٹمنٹس سے منتقل ہونے والی اراضی پرسی بی ڈی بنایا جائے گا۔ سکیم کے ماسٹر پلان کے تحت 45 ہزار کنال رقبہ سے اراضی اپارٹمنٹس منصوبہ کو منتقل کی گئی،ایل ڈی اے سٹی اپارٹمنٹس کے لیے 8ہزار 496 کنال اراضی مختص کی گئی، موضع ہلوکی میں ایل ڈی اے نے 896 اپارٹمنٹس کی تعمیر کا آغاز کیا۔ اب اپارٹمنٹس کی بقیہ 8ہزار 200 کنال اراضی واپس ایل ڈی اے سٹی کو مل گئی ہے، موضع ہلوکی میں 8200 کنال اراضی پر بزنس ڈسٹرکٹ بنایا جائے گا۔ دبئی طرز پر موضع ہلوکی میں کمرشل بے بنانے کا ڈیزائن تیار کیا جارہا جس کے لئے  ایل ڈی اے انتظامیہ پرائیویٹ کمپنیوں کا سہارا لے گی۔