ورلڈکپ ،بھارتی شہر احمد آباد میں شاہینوں کی نقل حرکت محدود کر دی گئی

10-13-2023

(ویب ڈیسک) احمد آباد میں انتظامیہ کی جانب سے پاکستانی کرکٹرز کی نقل وحرکت محدود کردی گئی ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم بدھ کے روز چارٹرڈ فلائٹ پر حیدرآباد سے احمد آباد پہنچی تھی، بھارت سے مقابلہ ہفتے کو ہونا ہے جبکہ گزشتہ روز کھلاڑیوں نے پریکٹس کی لیکن حیدرآباد کے برعکس احمد آباد میں گرین شرٹس کو زیادہ احتیاط برتنی ہوگی۔ میزبان اعلیٰ حکام نے میٹنگ میں واضح کیا کہ گوکہ پاکستانی ٹیم کو سکیورٹی کے حوالے سے کوئی خطرات نہیں ہیں لیکن پھر بھی احمد آباد میں زیادہ احتیاط برتنی ہوگی، ہم نہیں چاہتے کہ کسی عوامی مقام پر کھلاڑی جائیں اور کہیں سے کوئی منفی نعرے بازی وغیرہ ہو جائے، اس سے خوامخواہ کی بدمزگی ہوگی، البتہ پھر بھی اگر پلیئرز کہیں ڈنر وغیرہ کے لیے جانا چاہیں تو پیشگی اطلاع کریں انتظامات کر دیے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ آمد سے قبل ہی ٹیم کو بخوبی اندازہ تھا کہ احمد آباد میں زیادہ احتیاط سے کام لینا ہوگا،ویسے بھی وہاں چند روز ہی گزارنے ہیں،میچ کے اگلے دن اتوار کو سکواڈ بنگلورو روانہ ہو جائے گا، ٹیم مینجمنٹ نے ہوٹل میں ہی کرکٹرز کیلیے پول ٹیبل لگوا دی، ساتھ ٹیبل ٹینس کھیلنے کیلیے بھی انتظام کر دیا ہے، سوئمنگ و ٹریننگ کے مواقع بھی موجود ہیں۔