پولیس اہلکاروں سے الجھنے کا معاملہ،سیف کھوکھر و دیگرکی بریت کی درخواست

10-13-2023

(لاہور نیوز) نواز شریف کے حق میں ریلی نکالنے کے دوران پولیس اہلکاروں سے الجھنے کے معاملے پر لیگی رہنماسیف الملوک کھوکھر ،افضل کھوکھر اورشفیع کھوکھر سمیت دیگر نے بریت کی درخواستیں دائر کردیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں میاں نواز شریف کے حق میں ریلی کے دوران پولیس اہلکاروں پر تشدد اور جلاؤ گھیراؤ  کے مقدمہ کی سماعت ہوئی،اےٹی سی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گُل نے مقدمہ پر سماعت کی، ملک سیف کھوکھر ، افضل کھوکھر اورشفیع کھوکھر سمیت دیگر ملزمان نے  عدالت پیش ہو کر حاضری لگائی۔ سیف الملوک کھوکھر سمیت دیگر ملزمان کے وکلاء نے بریت کی درخواستیں دائر کیں، عدالت نے لیگی رہنماؤں کے وکلاء کو آئندہ سماعت پر دلائل کے لیے طلب کر لیا۔ عدالت کی جانب سے ملزم اعظم کے  پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری  بھی جاری کردیئے گئے جبکہ عدالت نے ملزمان کو آئندہ سماعت پر دوبارہ طلب کرتے ہوئے 23 اکتوبر تک سماعت ملتوی کردی۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےصدر مسلم لیگ ن لاہور سیف الملوک کھوکھر نے کہا نواز دور میں پٹرول 65 اور ڈالر 104 روپے کا تھا، ہماری حکومت آئے گی تو عوام کے مسائل حل کریں گے۔ یاد رہے کہ پولیس نے 2018 کے مقدمہ میں ملزمان کو بے گناہ قرار دے کر اخراج رپورٹ بنائی، پراسیکیوشن نے پولیس کی اخراج رپورٹ کو مسترد کر دیا ۔