عوام کی خدمت میں صرف نواز شریف اہل،باقی سب نااہل: مریم نواز

10-13-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت میں صرف نوازشریف اہل قرار پائے باقی سب نااہل ثابت ہوئے۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز سےقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 134 کی یونین کونسلوں کے چیئرمینوں، کونسلروں اور کارکنوں نے ملاقات کی، ملاقات میں 21 اکتوبر کی تیاریوں پر مشاورت اورقائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف آرہا ہے، مہنگائی سے نجات، پاکستان کی معاشی بحالی کا حل ساتھ لارہا ہے، مہنگائی کو ایک ہی شخص نے ختم کیا، وہ ہے نوازشریف، ن لیگ کی حکومت تھی تو عوام کو آٹا، گھی، چینی سب سستا ملتا تھا، قائد مسلم لیگ ن کو ہٹایا گیا تو سستا آٹا، گھی، چینی سب عوام کی پہنچ سے نکل گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں نوازشریف وزیراعظم ہوگا تو ملک اور اُن کا گھر چلے گا، پاکستان کو امیر بنانا، عوام کی مہنگائی سے جان چھڑانانوازشریف کا ایجنڈا ہے، سیاسی استحکام کے لئے عوام قائد مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں۔ لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی ترقی ہوگی، پوری قوم کو نوازشریف ہی متحد کرسکتے ہیں، لیگی قائد کے دِل میں نفرت نہیں، عوام کیلئے محبت ہے، غریبوں کا ساتھی غریبوں کی مدد کرنے ہمارا قائد واپس آرہا ہے۔ اس موقع پر  موجود  کارکنان کا کہنا تھا کہ قائد نوازشریف کا شاندار استقبال کرکے ایک نئی تاریخ بنائیں گے، قوم کے اعتماد پرہمیشہ نوازشریف پورا اترا ہے۔