پاکستان بھارت کیخلاف یکطرفہ کامیابی حاصل کریگا: احسان اللہ
10-13-2023
(لاہور نیوز) قومی فاسٹ باؤلر احسان اللہ نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں پاک بھارت مقابلے کے حوالے سے پیش گوئی کی ہے کہ قومی ٹیم بھارت کیخلاف یکطرفہ طور پر کامیابی حاصل کرے گی۔
احسان اللہ نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ریکارڈ ساز کامیابی حاصل کرنے کی مجھے خوشی ہوئی ہے، سری لنکا اور نیدر لینڈز کو ہرا دیا ہے اب بھارت کو بھی ہرائیں گے، ہر ٹیم کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچیں گے اور سیمی فائنل جیت کر فائنل میں پہنچیں گے، میری خواہش ہے کہ پاکستان فائنل جیت کر آئے یہ بہت مزے کی بات ہو گی۔ فاسٹ باؤلر نے کہا ہے کہ حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف اچھی باؤلنگ کرتے ہیں، کبھی کبھار خراب دن آتا ہے لیکن وہ گزر جاتا ہے، یہ بڑے میچ کے باؤلر ہیں، بھارت کے خلاف میچ میں ہمیں تینوں باؤلرز سے بڑی امیدیں ہیں۔ احسان اللہ نے مزید کہا کہ بھارت کے خلاف میچ کے لیے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جذبے سے کھیلیں، رزلٹ اچھا آئے گا، میری پیش گوئی ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان یکطرفہ میچ جیتے گا۔