ایوارڈ شو فضول، وہاں جو جاتے ہیں انہیں ایوارڈز ملتے ہیں: سونیا حسین

10-13-2023

(ویب ڈیسک) اداکارہ سونیا حسین کا کہنا ہے کہ پاکستانی ایوارڈ شوز میں جانے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ ایوارڈ شوز میں وہی اداکار جاتے ہیں جنہیں ایوارڈز ملتے ہیں۔

اداکارہ سونیا حسین نے حال ہی میں ایک نجی شو میں میزبان کے سوال پر بتایا تھا کہ ’میں ایوارڈ  شو میں نہیں جاتی‘۔ اداکارہ کی گفتگو پر میزبان نے ان سے سوال پوچھا کہ آپ فلم اداکارہ کی کیٹیگری میں نامزد تھیں پھر بھی آپ نہیں گئیں؟ جس پر سونیا کا کہنا تھا کہ ایوارڈ شو میں جانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، کیونکہ جو اداکار ایوارڈ شو میں جاتے ہیں انہیں ایوارڈ ملتے ہیں اسی لیے وہ ایوارڈ شو میں جاتے ہیں۔  اداکارہ کا بیان سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوا تھا،اداکارہ کے وائرل بیان کا سکرین شاٹ سلیبرٹی میک اپ آرٹسٹ ارشد خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔ ارشد خان نے سٹوری میں سونیا حسین کے کام کو سراہتے ہوئے لکھا کہ سونیا بہت خوبصورت اور قابل اداکارہ ہیں، ایوارڈز حیثیت نہیں رکھتے، ہمیں آپ سے محبت ہے۔   میک اپ آرٹسٹ کی سٹوری کا سکرین شاٹ اپنی انسٹا سٹوری پر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے جواب دیا کہ حقیقت یہ ہے کہ آپ سب ہمارے ایوارڈز ہیں۔