فیفا کا اعتراض: کیا برطانوی نژاد فٹبالر پاکستان کی طرف سے کھیل سکیں گے؟

10-13-2023

(ویب ڈیسک) فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) نے برطانوی نژاد پاکستانی فٹبالر اوٹس خان کی پاکستان کی طرف سے کھیلنے کی اہلیت پر سوال اٹھا دیا۔

جمعرات کو فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز کے سلسلے میں پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا لیگ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا۔ پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان میچ میزبان ملک کے دارالحکومت فینوم پین کے اولمپک سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے رینکنگ میں اپنے سے 20 درجے بہتر ٹیم کا جم کر مقابلہ کیا، البتہ دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں کوئی گول نہ کرسکیں۔ برطانوی نژاد پاکستانی فٹبالر اوٹس خان کمبوڈیا کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کرسکے کیونکہ فیفا کی جانب سے ان کی پاکستان کی طرف سے کھیلنے کی اہلیت پر سوال اٹھایا گیا۔ اوٹس خان کو پاکستانی بیک گراؤنڈ ہونے پر کھیلنے کا اہل قرار دیا گیا تھا جبکہ فیفا کا مؤقف ہے کہ اوٹس کے دادا کی پیدائش پاکستان کی نہیں بلکہ دلی کی ہے۔ فیفا  کے مطابق اوٹس کے دادا کی پیدائش 1930 میں نئی دلی میں ہوئی تھی ، ان کے دادا کی پیدائش کے موقع پر پاکستان کا قیام ہی نہیں ہوا تھا۔ تاہم ذرائع کا کہنا تھا پاکستان بننے کے بعد اوٹس کے دادا ہجرت کرکے فیصل آباد آگئے تھے۔ اس معاملے پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ فیفا کی جانب سے اوٹس کی اہلیت پر حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، پی ایف ایف اس معاملے  پر فیفا سے رابطے میں ہے۔ ترجمان پی ایف ایف کے مطابق اوٹس کو اس سے قبل ساف اور اے ایف سی پاکستان کی طرف سے کھیلنے کی اجازت دے چکے ہیں، انہوں نےساف چیمپئن شپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ واضح رہے کہ  پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان کوالیفائرز کا دوسرا لیگ میچ 17 اکتوبر کو پاکستان میں اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں ہوگا۔