جلسے کی اجازت: ڈپٹی کمشنر لاہور کو پی ٹی آئی کی درخواست پر آج فیصلہ کرنے کی ہدایت

10-13-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو لاہور کے لبرٹی چوک میں جلسے کرنے کی اجازت دینے کے معاملے پر ڈپٹی کمشنر کو آج تک فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک پر جلسے کی اجازت دینے کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے وکیل پنجاب حکومت سے استفسار کیا کہ بتائیے کیا مسئلہ ہے، ابھی تک اجازت کیوں نہیں دی؟۔ جسٹس راحیل کامران نے ڈپٹی کمشنر کو آج تک درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر فیصلہ کر کے بتائیں کہ اجازت دینی ہے یا نہیں، اگر اجازت نہیں دینی تو کن وجوہات کی بنا پر نہیں دینی۔ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 15 اکتوبر کو لبرٹی چوک پر جلسے کی اجازت کیلئے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی، ڈپٹی کمشنر نے درخواست پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا، عدالت تحریک انصاف کو لبرٹی چوک پر جلسہ کرنے کی اجازت دے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری عظیم اللہ کی جانب سے جلسے کے معاملے پر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔