الخدمت الفلاح سکالر شپ پروگرام کے 25 سال مکمل ہونے پر کنونشن کا انعقاد

10-12-2023

(لاہور نیوز) الخدمت الفلاح سکالر شپ پروگرام کے 25 سال مکمل ہونے پر ایوان قائد لاہور میں کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔

کنونشن میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم، الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر محمد عبدالشکور، ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، نیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جبران بلوچ، الخدمت وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی، الفلاح سکالرز اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید وقاص جعفری نے کہا کہ تعلیم کا حصول ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ بد قسمتی سے پاکستان میں دو کروڑ 30 لاکھ بچے سکول جانے سے محروم ہیں، خاص طور پر ہائر ایجوکیشن میں طلباء کو وسائل نہ ہونے کے باعث تعلیم ادھوری چھوڑنی پڑتی ہے، ایسے میں الخدمت الفلاح سکالر شپ جیسے پروگرام ہونہار طلبہ و طالبات کے لئے امید کی ایک کرن ہے۔ محمد عبد الشکور نے کہا کہ الفلاح سکالر شپ الخدمت فاؤنڈیشن کے شعبہ تعلیم کاہی ایک حصہ ہے جس کے تحت گزشتہ 25 سال سے مالی دشواریوں کا شکار ہزاروں ذہین طلبہ و طالبات کو حصول تعلیم میں مدد فراہم کی جا رہی ہے، ذہین اور مالی مشکلات کے شکار طلبہ و طالبات کا میرٹ پر انتخاب کیا جاتا ہے اور پھر انہیں ہائر ایجوکیشن کے لئے وظائف فراہم کئے جاتے ہیں۔ اب تک جن سکالرز نے الخدمت الفلاح سکالرشپ کی مدد سے اپنی تعلیم مکمل کی ان میں 710 ڈاکٹرز، 604 انجینئرز، 1150 بی ایس آنرز / ماسٹرز ، 256 ایسوسی ایٹ انجینئرنگ، 528 گریجوایشن اور 2021 انٹرمیڈیٹ کے طلبہ و طالبات شامل ہیں جبکہ مجموعی طور پر 5269 ذہین اور ہونہار طلبہ وطالبات کو تعلیم مکمل کرنے کے لیے 43 کروڑ 69 لاکھ روپے کے وظائف فراہم کئے گئے۔ تقریب میں سکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات نے الخدمت فاؤنڈیشن اور الفلاح سکالر شپ سکیم کا شکریہ ادا کیا جن کی بدولت ان کے لئے تعلیم جاری رکھنا ممکن ہوا اور خاص طور پر انہوں نے الخدمت کے رضاکار کے طور پر اپنے آپ کو پیش کرنے کا عزم کیا۔ تقریب میں پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا اور نئے سکالر شپ ہولڈرز کو سکالر شپ سرٹیفکیٹ فراہم کئے گئے، اس کے علاوہ کنونشن میں شریک طلبہ و طالبات سے اعلیٰ تعلیم کے حصول اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے حوالے سے حلف بھی لیا گیا۔