پروازوں میں تاخیر، زحمت اٹھانے پر مسافروں سے معذرت خواہ ہیں: ترجمان پی آئی اے

10-12-2023

(لاہور نیوز) پی آئی اے نے پی ایس او کی جانب سے ایندھن کی فراہمی معطل ہونے کی وجہ سے کئی پروازیں متاثر ہونے پر مسافروں سے معافی مانگ لی۔

ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے بتایا ہے کہ پاکستان میں پی ایس او کی جانب سے ایندھن کی فراہمی میں تعطل کی وجہ سے کئی اندرون ملک پروازیں متاثر ہوئی ہیں، فیصل آباد سے کراچی کی پرواز میں تاخیر ہوئی ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے مزید کہا کہ اسلام آباد سے سکھر کی پرواز منسوخ کر دی گئی، بیرون ملک پروازیں اپنے شیڈول کے مطابق روانہ ہو رہی ہیں، پروازوں میں ہونے والی تاخیر سے مسافروں کو زحمت اٹھانی  پڑی جس پر پی آئی اے معذرت خواہ ہے۔