پاکستان اور چین میں دیرینہ و مضبوط تعلقات ہیں: نگران وزیر منصوبہ بندی

10-12-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیر منصوبہ بندی سمیع سعید نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ و مضبوط تعلقات ہیں۔

سی پیک پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سمیع سعید کا کہنا تھا کہ سی پیک کو 10 سال ہوگئے، اس دوران متعدد منصوبے کامیابی سے مکمل کئے گئے، قائداعظم یونیورسٹی میں معدنیات اور قدرتی وسائل پر تحقیق کیلئے جدید ارتھ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  یہ سینٹر معدنیات کے شعبے کو جدید بنانے اور اس میں قیمتی وسائل کی تلاش کیلئے کام کرے گا، بی آر آئی اقدام اکیسویں صدی میں معیشتوں کو جوڑنے اور قوموں کے درمیان خوشحالی کے حصول کا اہم اقدام ہے۔ نگران وزیر کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ ایک ماہ قبل تعینات ہونے والے چینی سفیر کی سی پیک پر معلومات مجھ سے بھی زیادہ ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ و مضبوط تعلقات ہیں، اب تک سی پیک کے تحت 31 مختلف منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، ان منصوبوں پر 32 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ سمیع سعید نے کہا کہ ملک میں 4 خصوصی صنعتی زونز بنائے گئے ہیں، چین کے ساتھ زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔