ریاست نہ بچتی تو سیاست تو ویسے ہی دفن ہو جانی تھی: شہباز شریف

10-12-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری مخلوط حکومت نے ریاست کو بچایا سیاست کی پرواہ نہیں کی، ریاست نہ بچتی تو سیاست تو ویسے ہی دفن ہو جانی تھی، مجھے اس بات کا اطمینان ہے کہ ہم نے ریاست بچانے کیلئے سیاست قربان کی۔

لاہور میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج دھرتی ماں مطالبہ کرتی ہے آؤ اکٹھے ہو، زخموں پر مرہم رکھو اور ملک کو آگے لے کر چلو، نواز شریف آج سے ٹھیک 9 دن بعد مینار پاکستان پر تشریف لائیں گے، جب خوشی کی بات ہو تو ہڑتال نہیں ہوتی، میں یہ نہیں کہتا کہ سارا دن دکانیں بند رکھیں، اگر آپ نواز شریف سے محبت کرتے ہیں تو پھر 21 اکتوبر کو اس کا بھرپور مظاہرہ کریں، نواز شریف اس ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے دن نواز شریف کی حکومت کو دوسری مرتبہ مارشل لا کے ذریعے ختم کیا گیا تھا، 28 مئی 1998ء کو پاکستان ایٹمی طاقت بنا تھا، نواز شریف کے دور میں 20 فروری 1999 کو واجپائی واہگہ کے ذریعے دورے پر آئے، وزیراعظم واجپائی نے کہا تھا پاکستان بنتے وقت ہمارے دلوں پر گھاؤ لگے تھے، آج پاکستان کو دل سے تسلیم کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف دور میں پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا ملک تھا جو ایٹمی طاقت بنا، سب نے دیکھا کیسے 12 اکتوبر 1999ء کو نواز شریف کی حکومت کو ختم کیا گیا، اس ملک کو ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانیوں سے اپنے خون سے بنایا، نواز شریف کا تیسرا دور 2013ء سے 18 ء تک آیا، 2013ء میں 20، 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف عوام کے ووٹوں سے تیسری بار منتخب ہو کر آئے، سی پیک کے ذریعے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے منصوبے نواز شریف کے دور میں مکمل ہوئے، نواز شریف کے دور میں میٹرو منصوبہ 30 ارب روپے میں مکمل ہوا، نواز شریف کے دور میں اورنج لائن کا منصوبہ مکمل ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگر رنگ روڈ منصوبہ نہ ہوتا تو لاہور کی ٹریفک کا کیا حال ہوتا؟ تمام بڑے بڑے منصوبے نواز شریف کے دور میں لگے، پی ٹی آئی نے تین سال عدالتوں میں طرح طرح کی درخواستیں دیں، نواز شریف کا دور 2018ء میں ختم کیا گیا۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے کہا ملک کی خاطر ہر چیز قربان کرنے کو تیار ہیں، ہم نے کہا پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، ہمارے 16 ماہ کی حکومت میں تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا، ہمیں بڑھتی ہوئی مہنگائی بھی ورثے میں ملی، نواز شریف کے دور میں رمضان شریف میں آٹا سستا ملا کرتا تھا، ہم نے 70 ارب روپے کی سبسڈی دے کر سستا آٹا پنجاب میں مہیا کیا، اسحاق ڈار اور پنجاب کی حکومت کا شکر گزار ہوں، ہم نے خیبر پختونخوا میں بھی سستا نہیں فری آٹا مہیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر کی دکان چلے گی تو پاکستان چلے گا، خرید و فروخت ہو گی تو پاکستان خوشحال ہو گا، اس وقت شدید ضرورت ہے کہ ملک میں معاشی و سیاسی استحکام آئے، گزشتہ 4 سال ملک میں سیاسی بدامنی اور معاشی تباہی ہوئی، منفی زبان نے معاشرے کو تقسیم در تقسیم کیا، گزشتہ حکومت نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر ترقی کرنی ہے تو پیار، محبت کو پروان چڑھانا ہو گا، ہمیں ملک میں تقسیم کو ختم کرنا ہو گا، گزشتہ حکومت نے نوجوانوں کو گالی گلوچ سکھائی، نواز شریف نے لاکھوں لیپ ٹاپس نوجوانوں کے حوالے کیے، نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان تشریف لا رہے ہیں، نوجوانوں کے ہاتھوں میں کلاشنکوف نہیں لیپ ٹاپ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی خطے کا بہترین ہسپتال بن چکا تھا، گزشتہ حکومت میں پی کے ایل آئی کو سیاست کی نذر کر دیا گیا، نواز شریف کے دور میں کینسر کے مریضوں کیلئے مفت علاج مہیا کیا گیا۔