حکومت پاکستان کل یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کرے، حافظ طاہر اشرفی

10-12-2023

(ویب ڈیسک) حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کل حکومت پاکستان یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کرے۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان کوئی معذور ملک نہیں، ہم ایک مضبوط قوم اور فوج رکھتے ہیں، فلسطین کے مسئلے پر پوری قوم پرامن احتجاج کرے گی، فلسطینی مظلوموں کے ساتھ تو مسلمان بھی یکجہتی کرتے ڈر رہے ہیں۔ حافظ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ جس طرح مقبوضہ کشمیر ایک جیل ہے اسی طرح غزہ ایک جیل تھی، فلسطینیوں نے ایک جیل کو توڑا ہے، ترکی نے اعلان کیا ہے انکے بحری دفاعی جہاز غزہ سامان لیکر جائیں گے، مصر کے بارڈر پر امدادی قافلے کھڑے ہیں، اردن سے غزہ امدادی سامان بھیجنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں، غزہ کے لوگوں کیلئے اس وقت پانی، بجلی اور خوراک بند ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا وہ دن بہت قریب ہے جب مسجد الاقصیٰ کو آزادی حاصل ہو گی، ہمارا پورے عالم اسلام کی قیادت سے رابطہ ہو رہا ہے، مظلوم، بے بس فلسطینی پوری دنیا کو پیغام دے رہے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ اب فلسطین اور کشمیر کا معاملہ حل ہو، کل پورے پاکستان،عالم اسلام میں یوم یکجہتی فلسطین منایا جائے گا۔