سول سیکرٹریٹ: احتجاجی مظاہرین پر پولیس کا دھاوا،91 گرفتار

10-12-2023

(لاہور نیوز) سول سیکرٹریٹ کے باہر جاری سرکاری ملازمین کے احتجاجی دھرنے پر رات گئے پولیس نے دھاوا بول کر مختلف سرکاری محکموں کے 91 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار سرکاری ملازمین کو  لاہور کے مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا گیا جبکہ  دھرنے کے منتظمین پولیس آپریشن سے قبل  ہی غائب ہوگئے، پولیس نے نجی ہوٹلز کا ڈیٹا اکھٹاکرنا شروع کر دیا ہے ۔ اب تک اطلاعات کے مطابق احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری دوبارہ سول سیکرٹریٹ کے باہر پہنچ گئی ہے، مظاہرین کی  دیگر قیادت کو گرفتار کرنے کے بعد مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے جائیں گے، پولیس نے شرکا کے موبائل فون ڈیٹا سے بھی لوکیشن ٹریس کرنا شروع کر دی ہے جو ریڈار پر آئے گا اسے گرفتار کیا جائے گا۔ دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب دھرنے میں شریک خواتین کو بھی گرفتار کیا گیا ،کئی اساتذہ سمیت گریڈ 1سے گریڈ 18تک کے ملازمین تا حال کس تھانے میں ہیں کچھ معلوم نہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور پولیس نے اعلی افسران کے کہنے پر رات گئے آپریشن کیا، لاہور کے متعدد تھانوں کی پولیس نے آپریشن میں حصہ لیا، تین ایس پی دھرنے کے شرکا کے خلاف آپریشن کی صبح تک نگرانی کرتے رہے۔