پولیس خدمت مراکز سمیت تھانہ کلچر میں بھی تبدیلی ناگزیر ہے:محسن نقوی

10-12-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پولیس کے خدمت مراکز سمیت ہمیں تھانہ کلچر کو بھی تبدیل کرنا ہے۔

پنجاب ہائی وے پٹرولنگ  پولیس کیلئے  نئی گاڑیاں اور یونیفارم دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،  وزیراعلیٰ پنجاب نے    نئی گاڑیوں کی چابیاں اور یونیفارمز ہائی وے پٹرولنگ پولیس کےحوالے کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کو 313 گاڑیاں اور یونیفارمز مل گئی ہیں، ہر جوان اور سینئر افسر کو  دو  یونیفارمز دی جائیں گی، پولیس کی کارکردگی اور استعداد کار بڑھانے  کے لیے تمام سہولتیں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ہائی وے پولیس کو  ایکسل لوڈ  چیک کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، پنجاب میں 750 تھانوں کی اپ گریڈیشن  کا بھی پلان مرتب کیا ہے، اس کے لیے1.9بلین روپے جاری کرنے جارہے ہیں،تھانوں کے پاس جگہیں نہیں ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ پولیس کے خدمت سینٹر عوام کیلئے دن رات کام کررہے ہیں، لیکن خالی خدمت سینٹر کے ساتھ ہمارا گزارا نہیں ہم نے تھانوں کے کلچر کو بھی تبدیل کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ افسوس ہوتا ہے کہ لاہور جیسے بڑے شہروں میں تھانے نہیں،سمن آباد تھانے میں انسانوں کا رہنا مشکل تھا،پولیس اہلکار ٹینٹ میں کام کررہے تھے، میں نے کہا ہے لاہور کے 10تھانوں کے پرپوزل لیکر آئیں،ہم نے فوری طور پر 10تھانوں کی کنسٹرکشن شروع کرنی ہے،پولیس کو ہماری پوری سپورٹ حاصل ہے سب سے پہلی ترجیح عام آدمی کو تھانے میں انصاف دینا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پولیس سے درخواست ہے کہ عوام سے اچھا سلوک کریں، ہمیں عام آدمی کو ریلیف اور انصاف دینا ہے۔