پی ٹی آئی کے لبرٹی جلسے کا معاملہ:عدالت کی ڈی سی کو کل تک فیصلے کی ہدایت
10-12-2023
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو لبرٹی میں جلسے کی اجازت کے معاملے پر ڈپٹی کمشنر کو کل تک فیصلے کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک پر جلسہ کی اجازت دینے کی درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت عدالت نے وکیل پنجاب حکومت سے استفسار کیا کہ بتائیے کیا مسئلہ ہے، ابھی تک اجازت کیوں نہیں دی۔ بعدازاں جسٹس راحیل کامران نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کل تک فیصلہ کر کےبتائیں کہ اجازت دینی ہے یا نہیں، اگر اجازت نہیں دینی تو کن وجوہات کی بنا پر نہیں دینی۔ عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کو کل تک اس معاملے پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری عظیم اللہ کی جانب سے جلسے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا تھا ، درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ 15 اکتوبر کو لبرٹی چوک پر جلسے کی اجازت کے لیے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی،ڈپٹی کمشنر نے درخواست پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پاکستان تحریک انصاف کو لبرٹی چوک پر جلسہ کرنے کی اجازت دے۔