ٹی وی پر کام کرنے کی اجازت نہ ملنے پر سیلون میں کام کیا: اسما عباس
10-12-2023
(فہیم حیدر) پاکستانی ٹیلی ویژن کی سینئر اداکارہ اسما عباس نے انکشاف کیا کہ مجھے ٹی وی پر کام کرنے کی اجازت نہیں تھی اس لیے سیلون میں کام کیا۔
سینئر اداکارہ، میزبان و لکھاری بشریٰ انصاری کی چھوٹی بہن اور اداکارہ زارا نور عباس کی والدہ اسما عباس نے دنیا نیوز کے مقبول ترین شو "مذاق رات" میں شرکت کی جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔ اسما عباس نے کہا کہ سیلون میں اس لیے کام کیا کیونکہ مجھے ٹی وی پر کام کرنے کی اجازت نہیں تھی، میرے شوہر کو پسند نہیں تھا، ہم نے جب شادی کی تھی تو انہوں نے مجھے کہا تھا کہ کوئی کام نہیں کرنا جس پر میں بھی راضی ہوگئی۔ میزبان عمران اشرف نے سوال پوچھا کہ پھر آپ کو اداکاری کرنے کی اجازت کیسے ملی؟ جس پر اسما عباس نے جواب دیا کہ ٹی وی پر ایک کوکنگ شو لگا ہوا تھا جس کو دیکھ کر میں نے اپنے شوہر سے کہا کہ یہ کتنی بری میزبانی کررہی ہے جس پر شوہر نے کہا کہ یہ تو بہت آسان ہے، کیا آپ کرسکتی ہیں؟ تو میں نے کہا کہ ’ہاں میں بھی کرسکتی ہوں، اس میں کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے، تو شوہر نے کہا کہ اچھا ٹھیک ہے لیکن کیمرے کے سامنے نہیں جانا، کیمرے کے پیچھے کام کرنا ہوگا، آپ پروڈیوسر بن جاؤ۔ اسما عباس نے بتایا کہ ایک کوکنگ شو میں بطور پروڈیوسر میں نے ڈیڑھ سال کام کیا، پھر ایک دن اچانک اس پروگرام کی میزبان نے کام چھوڑ دیا پھر مجھے سلیم طاہر نے میزبانی کرنے کا مشورہ دیا، اس وقت میرے شوہر بھی وہیں موجود تھے اور سلیم طاہر ان کے دوست تھے تو شوہر منع نہیں کرسکتے تھے اور انہوں نے مجھے میزبانی کرنے کی اجازت دے دی، شوہر کی جانب سے اجازت کے بعد میں نے کوکنگ شو کے 100 پروگرام کیے۔ اداکارہ نے اپنی بیماری کے بعد ٹی وی پر کم بیک سے متعلق سوال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں کئی سالوں تک بیمار رہنے لگی تھی، ہر وقت ہسپتال کے چکر کاٹنے سے میرے شوہر بھی تنگ آگئے تھے تو انہوں نے مجھے کسی سرگرمی میں مشغول رہنے کا مشورہ دیا جس کے بعد میں نے اپنی دوست کے سیلون میں کام کرنا شروع کردیا۔ پروگرام کے دوران 20 سال ٹی وی پر کام کرنے کے تجربے سے متعلق سوال پر اسما عباس نے کہا کہ ’میں نے طویل عرصے تک زیادہ ٹی وی نہیں دیکھا کیونکہ میں گھر کے کاموں اور فیملی میں بہت مصروف تھی، پراٹھے بنانا، روٹیاں بنانا اور کئی دوسرے پکوان بناتی تھی، اس لیے پرانے وقتوں میں ٹی وی کے پروگرامز یاد نہیں ہیں۔ اسما عباس نے کہا کہ میری بہوئیں اور بیٹی مجھے کہتی ہیں کہ آپ کوئی اچھی مثال نہیں ہیں، آپ نے ہمیں ڈبو دیا ہے، یہ کون سا طریقہ ہے کہ آپ رات کو 2 بجے اُٹھ کر کہتی ہیں کہ آپ نے اپنے میاں کے لیے پلاؤ یا زردہ بنایا ہے، معاف کریں ہم یہ کام نہیں کرسکتے۔ یاد رہے کہ اسما عباس نے 2018 میں مقبول ڈرامہ سیریل رانجھا رانجھا کردی میں بھولا کی والدہ کا کردار ادا کیا جو بے حد مقبول ہوا تھا، اس کے علاوہ بھی وہ کئی ڈراموں میں کام کرچکی ہیں۔