وزیراعلیٰ محسن نقوی کا مزار بی بی پاکدامن کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا معائنہ
10-12-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے علی الصبح مزار بی بی پاکدامن کا دورہ کیا،انہوں نے تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کو کشادہ کرنے کیلئے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کامعائنہ کیا، وزیراعلیٰ نے توسیعی پراجیکٹ کے مختلف حصوں کا وزٹ کیا اور مزار کے مرکزی حصے اور گنبد کی تزئین و آرائش کے کام کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبے پرکام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا، انہوں نے مزار کے مرکزی احاطے کی تزئین و آرائش کو بھی جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے مزار کی تزئین و آرائش کے کام کے حوالے سے نیئر علی دادا اورسیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے مزار پرحاضری دی اور ملک کی ترقی، خوشحالی،استحکام،سالمیت اور امن کے لیے دعا کی، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے مزار کی تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی، معروف آرکیٹیکٹ نیئر علی دادا نے مزارکے اندورنی حصے کو بہتر بنانے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ مزار کی تزئین و آرائش اور توسیعی پراجیکٹ کا تقریباً 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، اگلے ماہ کے وسط تک مزار کی تزئین و آرائش اور توسیعی پراجیکٹ کو مکمل کرلیا جائے گا۔ صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،معروف آرکیٹیکٹ نیئر علی دادا،سیکرٹریزتعمیرات و مواصلات،سیکرٹری اوقاف،کمشنر و ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔