ٹیم بے خوف ہو کر کھیلے: ذکاء اشرف کی پاک بھارت میچ دیکھنے کیلئے آج روانگی

10-12-2023

(لاہور نیوز) چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف پاک بھارت میچ دیکھنے کیلئے آج بھارت روانہ ہوں گے۔

ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ انہوں نے انڈیا جانا مؤخر کر دیا تھا لیکن اب وہ اس بات کی تصدیق کے بعد بھارت جارہے ہیں کہ پاکستانی صحافیوں کو میگا ایونٹ کی کوریج کے لیے ویزا حاصل کرنے کے لیے اپنے پاسپورٹ جمع کرانے کو کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ دفتر خارجہ کے ساتھ ان کی بات چیت نے ویزے میں تاخیر کے حوالے سے مثبت پیش رفت حاصل کرنے میں مدد کی ہے، وہ اس بات سے بھی بہت خوش ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور دونوں میچز میں فتح حاصل کی ہے، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اور پوری قوم ان کھلاڑیوں کے ساتھ ہے۔ ان کا  مزید کہنا ہے کہ ان کے بھارت جانے کا مقصد پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، انڈیا کے خلاف اہم میچ سے قبل ٹیم کے لیے یہی پیغام ہے کہ لڑکے بے خوف ہو کر کھیلیں جیسا کہ وہ پہلے کھیلتے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کی جانب سے ذکا اشرف کے دورہ بھارت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا، جے شاہ نے ذکا اشرف کوان کے بھارت کے دورے کے موقع پر خوش آمدید کہا ہے۔ اس سے قبل جے شاہ اور ذکا اشرف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں جے شاہ نے ذکا اشرف کے بھارت آنے پر خوشی کا اظہار کیا، جے شاہ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ وہ ذکا اشرف کے بھارت میں قیام کے دوران ان کی دیگر آفیشلز سے ملاقاتوں کا اہتمام بھی کرائیں گے۔ واضح رہے کہ ذکا اشرف آج بروز جمعرات کو بی سی سی آئی کی دعوت پر بھارت روانہ ہوں گے جہاں وہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ کا میچ دیکھیں گے۔