معاشی چیلنجز سے پاکستان کے وجود کو خطرہ ہے: نگران وزیراعظم
10-11-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ معاشی چیلنز سے پاکستان کے وجود کو خطرہ ہے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے دنیا نیوز کے پروگرام ’آن دی فرنٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قانون کا نفاذ کرنا ہوگا، نگران حکومت نے کرنسی کی غیر قانونی منڈی پر ہاتھ ڈالا ہے، ماضی کی حکومتوں نے کرنسی سمگلنگ پرفوکس نہیں کیا تھا، اگرایف آئی اے، کسٹم ٹھیک کام کر رہے ہوتے تو فوج سے مدد نہ لینا پڑتی۔ انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ووٹ لینے والوں کی زیادہ ذمہ داری ہوتی ہے، پرفارمنس کی بنیاد پرہی لوگ ووٹ دیتے ہیں، اب بلوچستان عوامی پارٹی کا حصہ نہیں ہوں، اتحادی حکومتوں میں لوگ ناراض اور خوش بھی ہوتے ہیں، پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ بڑا اچھا تعلق رہا، پی ٹی آئی حکومت کے آخری ماہ میں اچھے تعلقات نہ رہے۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنےاندر بھی جمہوریت لانی ہوگی، باپ پارٹی میں اختلاف رہا، باپ پارٹی سے اب ہمارے راستے الگ ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی، مریم نواز، بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمان سے ملاقات نگران وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے ہوئی تھی۔ انوارالحق کاکڑ نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کسی بھی سیاسی جماعت کو جوائن کرنے کا سوچا بھی نہیں، کسی بھی سیاسی جماعت کوجوائن کرنا میرا بطور شہری حق ہے، اس حوالےسے کوئی قانونی قدغن نہیں ہے، مدت ختم ہونے کے بعد ہوسکتا ہے کوئی پارٹی جوائن کروں یا نئی پارٹی بناؤں، نومئی مقدمات بارے کہا کہ یہ ایک قانونی عمل ہے، اس قانونی عمل سے اگر کسی کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکا جائے گا تو قانون کا عمل ہوگا۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی، اے این پی سمیت تمام جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کا حق ہے، مجھے حیرت ہوتی ہے کیوں اس طرح کے سوالات ہوتے ہیں، کابینہ میں کسی ایک سیاسی جماعت پر پابندی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہو رہی۔