سٹیل ملز ڈیتھ اثاثہ قرار، ڈسکوز کو ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ کر لیا: فواد حسن فواد

10-11-2023

(لاہور نیوز) وزیر نجکاری فواد حسن فواد نے کہا کہ سٹیل ملز ڈیتھ اثاثہ ہے، پی آئی اے کی جلد نجکاری اور ڈسکوز کو ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیر نجکاری فواد حسن فواد نے کہا کہ سٹیل ملز کو موجودہ کپیسٹی پر چلانے کیلئے 585 ملین ڈالر کی ضرورت ہے، سٹیل ملز کی مکمل پیداوار 3.2 ملین ٹن سریا پیدا کرنے کیلئے 1.4 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈسکوز کو لانگ ٹرم کیلئے ٹھیکے پر دیئے جانے کی سمری آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کریں گے۔ فواد حسن فواد نے کہا کہ 2018ء سے 2019ء تک سرکاری اداروں پر 2 ہزار 542 ارب خرچ ہوئے، 2020ء تک اداروں کے نقصانات جی ڈی پی کے 7 فیصد کے مساوی ہیں، اس وقت تک حکومتی ملکیتی اداروں کے نقصانات زیادہ بڑھ چکے ہیں، پی آئی اے، سٹیل ملز سمیت 15 اداروں کے ذمہ 2 ہزار 65 ارب قرض ہے، پی آئی اے 2012ء سے اب تک 7 ارب ڈالر سے زیادہ کے نقصانات کر چکی ہے، اس رقم سے 10 یونیورسٹیز، بھاشا ڈیم یا ایم ایل ون کا پورا ٹریک بن سکتا تھا۔