رضوان اور عبد اللہ شفیق کی شاندار بیٹنگ پر سابق بھارتی کرکٹرز کی کھل کر تعریف

10-11-2023

(لاہور نیوز) سری لنکا کیخلاف ورلڈ کپ کے اہم میچ میں محمد رضوان اور عبداللہ شفیق کی بیٹنگ دیکھ کر سابق بھارتی کرکٹرز بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے آٹھویں میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر عالمی ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے، میچ میں محمد رضوان نے 131، عبداللہ شفیق نے 113 رنز بنائے۔پاکستان کی ٹیم نے اہم میچ میں محمد رضوان اور عبداللہ شفیق کی شاندار سنچریوں کی بدولت بآسانی حاصل کر لیا۔ سری لنکا کیخلاف میچ میں دونوں پاکستانی بیٹرز کی بلے بازی دیکھ کر سابق بھارتی کرکٹرز سہواگ، عرفان پٹھان اور وسیم جعفر بھی ان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔ سہواگ نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کیا پھینٹا لگایا، ورلڈکپ میں سب سے بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا، 2 وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان نے بہترین کھیلا۔سابق بھارتی کرکٹر نے مزید کہا ہے کہ عبداللہ شفیق نے اطمینان کے ساتھ خوبصورت اننگ کھیلی اور رضوان نے ثابت کیا کہ وہ اس قدر قابل اعتبار کیوں ہے۔ عرفان پٹھان نے کہا کہ محمد رضوان نے 50 اوور وکٹ کیپنگ کے بعد سنچری بھی بنائی وہ پاکستانی ٹیم میں سپن باؤلنگ کو کھیلنے والے بہترین بیٹر ہیں۔سابق بھارتی فاسٹ باؤلر عرفان پٹھان نے عبداللہ شفیق کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ورلڈ کپ کے دباؤ کو آسانی کے ساتھ سنبھال لیا۔ سابق بھارتی کرکٹر وسیم جعفر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر رضوان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ آج ہم نے 5 سنچریاں دیکھیں مگر محمد رضوان نے میلہ لوٹ لیا۔