ایف پی سی سی آئی نے جائیدادوں پر نئی طرح کا ٹیکس مسترد کر دیا
10-11-2023
(ویب ڈیسک) ایف پی سی سی آئی نے جائیدادوں پر نئی طرح کے ویلتھ ٹیکس کو مسترد کر دیا۔
قائمقام صدر ایف پی سی سی آئی محمد سلیمان چاؤلہ کا کہنا ہے تاجر برادری اور کاروباری افراد ان خبروں سے پریشان ہیں کہ ان سے ویلتھ ٹیکس میں کسی نئے نام سے مزید ٹیکس لینے بارے سوچا جا رہا ہے تاکہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی کاروبار مخالف شرائط پوری ہو سکیں۔ انہوں نے کہا ہم نے کئی بار اس بات پر زور دیا ہے کہ تجارتی اور کاروباری جیسی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ جائیداد پر ویلیو ٹیکس کو سرمایہ کاری اور کاروباروں کے کیپٹل اثاثوں وغیرہ پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ ایسا کرنے سے فائدے کی بجائے الٹا نقصان ہوتا ہے اور زیادہ ٹیکس لگانے سے رسمی شعبے سکڑ جاتے ہیں کیونکہ یہ ٹیکس دہندگان کی حوصلہ شکنی کرنے جیسا ہے۔ قائمقام صدر ایف پی سی سی آئی محمد سلیمان چاؤلہ نے مزید کہا کاروباری آمدنی اور جائیدادوں پر ایسے ٹیکس کو جائز نہیں کہا جا سکتا جو ماضی کے سالوں پر لگایا جائے کیونکہ یہ ان لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک کرنے جیسا ہے۔