پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بچیوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

10-11-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بچیوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، یہ دن منانے کا مقصد بچیوں کو بااختیار بنانے سمیت انہیں صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

بدقسمتی سے خیبرپختونخوا میں بچیوں کو درپیش مسائل کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ رہے ہیں، صوبہ بھر میں پرائمری سے پانچویں جماعت تک 37 فیصد لڑکیوں  نے تعلیم کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں 29 لاکھ لڑکیاں تعلیم سے محروم ہیں، سکول سے باہر لڑکیوں میں سے 74.4 فیصد کا تعلق ضم شدہ قبائلی اضلاع سے ہے۔ پشاور  کے آغوش سنٹر میں کلاس چہارم میں زیر تعلیم بصیرت کے دو بھائی اور 5 بہنیں ہیں، والد چار سال قبل انتقال کر چکے ہیں، حسرت و یاس کی تصویر بنی بصیرت اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ڈاکٹر بننا چاہتی ہے لیکن مشکلات کے باعث مسائل کا سامنا ہے۔ چھٹی جماعت میں پڑھنے والی کشمالہ محمد نسیم بھی اعلیٰ تعلیم کا خواب آنکھوں میں سجائے بیٹھی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں آرمی ڈاکٹر بن کر لوگوں کی خدمت کرنا مشن ہے۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کا بھی بچیوں کی تعلیم و تربیت پر زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بچیوں کو تعلیم دلوانا موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے۔