پنجاب: 24 گھنٹوں میں آشوب چشم کے 3 ہزار سے زائدکیسز رپورٹ

10-11-2023

(لاہور نیوز) پنجاب میں آشوب چشم کے کیسز کا سلسلہ نہ رک سکا، گزشتہ24 گھنٹے کے دوران صوبہ بھر میں آشوب چشم کے 3 ہزار 31نئے مریض سامنے آگئے۔

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز 326 افراد آشوب چشم میں مبتلا ہو گئے، ایک ماہ کے دوران پنجاب کے 36 اضلاع میں آشوب چشم کے کل ایک لاکھ 24 ہزار 496مریض رپورٹ ہوئے جبکہ ایک ماہ کے دوران لاہور میں 10ہزار709 افراد آشوب چشم کا شکار ہوئے۔ حکام محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ 30 دنوں میں آشوب چشم کے سب سے زیادہ21 ہزار 302 مریض بہاولپور میں رپورٹ ہوئے،  بہاولپور میں گزشتہ روز بھی آشوب چشم کے 435 نئے مریض سامنے آئے۔ صوبائی وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں آئی سرجنز کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کر رکھی ہے، تمام ہسپتالوں میں آئی ڈراپس وافر مقدار میں مہیا کر دیے گئے ہیں، آشوب چشم خطرناک نہیں اور نہ ہی اس سے بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر کا مزید کہنا تھا کہ آشوب چشم کا مرض 8 سے 10 دن میں خود بخود ٹھیک ہو جاتا ہے، شہری آنکھوں کی صفائی کا خیال رکھیں،تیز دھوپ، دھوئیں اور گرد و غبار سے آنکھوں کو بچائیں، آشوب چشم میں مبتلا شخص کے کپڑے اور تولیے وغیرہ علیحدہ رکھیں۔