معیشت کی بہتری کیلئے جتنا کام کرنا چاہئے تھا نہیں ہوسکا: فواد حسن فواد

10-10-2023

(لاہورنیوز) نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لئے جتنا کام کرنا چاہئے تھا نہیں ہوسکا۔

نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد نے کہا کہ پرائیویٹائزیشن ایک مشکل پورٹ فولیو ہے، 1994ء میں شروع ہونے والی نجکاری کے کچھ معاملات آج بھی عدالتوں میں زیر التوا ہیں، نجکاری والے ادارے پاکستانی عوام کے اثاثے ہیں، دنیا کی بدلتی ہوئی معیشت میں مقابلے کے لئے ان اداروں کی نجکاری کی ضرورت پیش آئی۔ فواد حسن فواد نے مزید کہا کہ نگران حکومت وہی کام کر رہی ہے جو اسے منتخب حکومتیں سونپ کر گئی ہیں، اس سے زیادہ کوئی کام نگران حکومت کے مینڈیٹ میں نہیں اور نہ ہی ہمارا کوئی ایسا ارادہ ہے، نگران حکومت منتخب حکومتوں کے لئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم وہ فیصلے کر رہے ہیں کہ منتخب حکومت جب آئے تو ان کے سامنے سب کچھ کلیئر ہو تاکہ ان کے لئے فیصلہ کرنا آسان ہو، ہم جو بھی کر رہے ہیں وہ آئین و قانون کے تحت ہے، پاکستان کی معیشت کی صورتحال سب کے سامنے ہے، ہم معیشت کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔