وہاب ریاض نے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم سے سیمی فائنل کھیلنے کی امیدیں باندھ لیں

10-10-2023

(ویب ڈیسک) نگران مشیر کھیل وہاب ریاض نے امید ظاہر کی ہے کہ اس بار بھی پاکستانی ٹیم ورلڈکپ کا سیمی فائنل ضرور کھیلے گی۔

وہاب ریاض  کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا  کہ انڈیا کے خلاف اہم میچ ہے، ہمیں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے،بھارت میں خالی سٹیڈیمز میں میچز ہو رہے ہیں،صرف بھارت میں رہنے والے لوگ سٹیڈیمزآ رہے ہیں،باہر سے کسی ملک کے شائقین سٹیڈیمز میں نہیں آ رہے۔ مشیر کھیل کا کہنا ہے کہ بھارت کے لیے یہ نقصان دہ ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے، انگلینڈ آسٹریلیا میں میچز ہوں تو کراؤڈ فل ہوتا ہے، خالی سٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے میچز کا مزہ نہیں آتا۔ انہوں نے  مزید  کہا کہ پی سی بی کا بھارت کے سامنے احتجاج کا کوئی فائدہ نہیں، بھارت نے ویزے جاری کرنے ہوتے تو اب تک جاری کر چکا ہوتا، جس طرح کی بھارت میں پچز ہیں ہم اسی طرح کی پچز پر کھیل کر بڑے ہوئے ہیں، پچز خراب ہونے کا بہانہ نہیں بنانا چاہیے، اب ورلڈ کپ کا ٹائم ہے ہمارے کھلاڑیوں کو کچھ کرنا ہو گا۔