لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے کا خواب اعلانات تک محدود

10-10-2023

(لاہور نیوز) لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے کا خواب اعلانات تک محدود ہو کر رہ گیا۔ تکنیکی پیچیدگیوں کے سبب منصوبے پر عمل درآمد نہ ہو سکا۔

لاہور میں الیکٹرک اور ماحول دوست بسیں چلانے کا منصوبہ مسلسل التواء کا شکار ہے۔ پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم دوبارہ بحال کرنے کا اعلان تو کیا مگر حکومتی ادارے تاحال مکمل تیاری نہ کر سکے۔ اداروں کے درمیان رابطوں کا فقدان اور فنڈز کی عدم دستیابی آڑے آئی۔ نومبر 2022 کے بعد 3 مرتبہ الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری دی گئی۔ بار بار الیکٹرک بسیں چلانے کے اعلانات صرف اعلانات تک محدود رہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے فنڈز کا اجراء نہ ہونا بھی بسوں کی خریداری میں رکاوٹ ہے۔ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے لاہور میں 1800 بسوں کی ضرورت کا پی سی ون بنایا۔ پنجاب حکومت نے فی الحال 26 الیکٹرک بسیں خریدنے کی اجازت دی۔ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے پاس بسیں نہ ہونے سے تمام روٹس غیر فعال ہیں۔