بھارتی بلے باز شبمن گل کی پاکستان کیخلاف میچ میں بھی شرکت مشکوک

10-10-2023

(ویب ڈیسک) بھارت کی کرکٹ ٹیم کے اہم بیٹر شبمن گل کی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ میں بھی شرکت مشکوک ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈینگی بخار میں مبتلا شبمن گل کو ہسپتال داخل کرلیا گیا ہے، ان کے پلیٹ لیٹس کم ہونے کے بعد انہیں احتیاطی طور پر چنئی کے ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے، شبمن گل کو پیر کے روز ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، بھارتی کرکٹ بورڈ کا میڈیکل پینل مسلسل شبمن گل کی نگرانی کر رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شبمن گل پاکستان کے خلاف میچ سے بھی باہر ہو سکتے ہیں، اگر وہ ٹھیک ہو جاتے ہیں تو وہ چنئی سے ڈائریکٹ احمد آباد جائیں گے۔ یاد رہے کہ شبمن گل نے ڈینگی بخار کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف میچ نہیں کھیلا تھا اور وہ افغانستان کے خلاف میچ سے بھی باہر ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ ورلڈکپ 2023 کا سب سے بڑا ٹاکرا پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔