محمد عامر بھارتی سٹیڈیم کی پچ تیار کرنیوالوں پر برہم،فاسٹ باولر نے انوکھی سلامی دینے کا کہہ دیا

10-09-2023

(ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر محمد عامر نے بھارتی شہر چنئی کے کرکٹ سٹیڈیم کی پچ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے اسے تیار کرنے والوں کو 20 توپوں کی سلامی دینے کا کہہ دیا۔

تفصیلات کےمطابق محمد عامر ،عبد الرزاق اور عماد وسیم کے ہمراہ ایک  پروگرام میں شریک ہوئے ، پروگرام میں کرکٹرز نے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میچ پر  دلچسپ تبصرے بھی کیے۔عبد الرزاق کا کہنا تھا کہ جس طرح کی یہ پچ ہے یہ فیئر نہیں ہے، آئی سی سی کا ورلڈکپ ٹورنامنٹ ہے لیکن بھارت اپنی مرضی سے پچز بنارہا ہے،  بھارت کو پچ کا اندازہ تھا جب ہی بھارت نے 3 سپنرز کھلائے  اور آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھی غلطی کی۔ سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کو بھی چاہیے تھا کہ پہلے فیلڈنگ کرتا اور دیا گیا ہدف پورا کرتا لیکن آسٹریلیانے وہی کیا جو بھارت چاہ رہا تھا، آئندہ دنوں  افغانستان سے میچ کیلئے  پاکستان کو بھی یہی مشورہ ہے اس سٹیڈیم میں  جب کھیلیں اور اگر  ٹاس جیت جائیں تو پہلے  فیلڈنگ کی طرف جائیں۔ دوسری جانب محمد عامر نے کہا کہ وکٹ تیار کرنے والوں کو 20 توپوں کی سلامی دینی چاہیے،آسٹریلین ٹیم کی بھی کچھ سمجھ نہیں آئی کہ وہ ٹاس جیت کر بھی پہلے بیٹنگ کی طرف کیوں گئے ؟اگر وہ پہلے باولنگ کرتے تو اس  گیم کا نتیجہ مختلف بھی  ہوسکتا تھا۔