سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں کے داخلے 16 اکتوبر سے کھول دئیے جائیں گے

10-09-2023

(لاہور نیوز) سیکرٹری صحت علی جان خان کا کہنا ہے سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں کے داخلے 16 اکتوبر سے کھول دئیے جائیں گے۔

سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان کی صدارت میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں میڈیکل کالجز میں داخلوں کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ وی سی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز سمیت پنجاب کی تمام سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے داخلوں پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرائیویٹ سیکٹر میڈیکل کالجوں کی پہلی فیس یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز وصول کریگی۔ پرائیویٹ سیکٹر میڈیکل کالجوں میں داخل ہونے والے امیدواروں کو 10 لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے۔ یہ فیس امیدوار 3 دن کے اندر بینک آف پنجاب میں جمع کرائے گا۔ پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے داخلوں میں اپ گریڈیشن لازمی نہیں ہو گی۔ امیدوار اگر چاہے تو پہلے والے کالج میں رک سکے گا۔ داخلے مکمل ہونے پر فیس متعلقہ کالجوں کو ٹرانسفر کر دی جائے گی۔ باقی فیس اپنے کالج میں جمع کرانا ہو گی۔ سیکرٹری صحت کا کہنا ہے کہ سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کیلئے آن لائن درخواستیں 31 اکتوبر تک جمع ہوں گی۔ سینٹرلائزڈ سسٹم سے داخلوں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔