ن لیگ سے زیادہ عوام کا کوئی ہمدرد نہیں: شہباز شریف

10-09-2023

(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن سے زیادہ عوام کا کوئی ہمدرد نہیں، ن لیگ نے ہمیشہ قوم سے سچ بولا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں سابق ایم این اے شیخ وسیم، سابق ایم پی ایز سعد وسیم اور چودھری الیاس شامل تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور 21 اکتوبر کو قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے گفتگو ہوئی، شہباز شریف نے قائد نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے لئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کا سنہرا دور اِنشاءاللہ پھر واپس آ رہا ہے، مہنگائی میں کمی کا آغاز جلد ہونے والا ہے، تیز رفتار ترقی کا سفر پھر شروع ہونے کو ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قوم سے کیا ہر وعدہ پورا کیا، دیانتداری سے قوم کی خدمت کی، اس موقع پر سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے اپنے علاقوں میں 21 اکتوبر کی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔