آئی جی پنجاب کا نوشہرہ ورکاں میں فائرنگ سے 03 افراد کی ہلاکت کا نوٹس
10-09-2023
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوشہرہ ورکاں میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے 03 افراد کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔
آئی جی پنجاب نے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ سی پی او گوجرانوالہ کو سپیشل ٹیم تشکیل دیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم بھی دے دیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ واضح رہے کہ نوشہرہ ورکاں میں تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی۔ نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر والدین اور بیٹوں پر گولیاں برسا دیں۔ فائرنگ سے ماں سمیت دو بیٹے جاں بحق، والد شدید زخمی ہوا۔ واقع تھانہ تتلے عالی کے علاقہ گھمن والا میں پیش آیا۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا۔ ریسکیو 1122 نے زخمی اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔