شیخ زاید ہسپتال میں عملے کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے دھرنا، ہسپتال میں کام بند

10-09-2023

(لاہور نیوز) شیخ زاید ہسپتال میں عملے کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے دھرنا تیرہویں روز بھی جاری ہے۔ ہسپتال میں کام بند پڑا ہے۔

شیخ زاید ہسپتال عملے  نے وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ہڑتال کے باعث شیخ زاید ہسپتال میں مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ او پی ڈی، انڈور کے بعد آپریشن لسٹ بھی ملتوی ہے۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے تنخواہوں سے محروم ڈاکٹرز اور عملے کی تنخواہیں  فوری ادا کی جائیں۔ تنخواہیں ادا نہ ہونے سے زندگی گزارنا مشکل ہو رہا ہے۔ ملازمین کے گھروں میں راشن نہیں، بجلی گیس کے کنکشن کٹ گئے۔ تنخواہیں ادا نہ کرنا وفاقی حکومت کی ہٹ دھرمی اور ظلم کی انتہا دکھاتا ہے۔ شیخ زاید ہسپتال کی بندش کا اعلان ہوا تو ذمہ دار وفاقی حکومت ہو گی۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس نے مزید کہا وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے ورنہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع ہو گا۔ ہسپتال میں جان بچانے والی ادویات تک موجود نہیں۔ ہسپتال کی تمام سروسز ڈاکٹرز اور عملے نہیں بلکہ وفاقی حکومت کی وجہ سے بند ہیں۔ وفاقی حکومت کی نالائقی کے باعث شیخ زاید ہسپتال میں علاج نہیں ہو رہا۔ 2023 کے وفاقی بجٹ کے مطابق تنخواہوں میں 30 فیصد تک اضافہ کیا جائے۔