ڈینگی کے ڈنک نہ رکے، 24 گھنٹوں میں صوبہ بھر سے مزید 111 کیسز رپورٹ
10-09-2023
(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کے وار نہ تھم سکے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر سے مزید 111 کیسز سامنے آگئے۔
سیکرٹری صحت پنجاب علی جان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران لاہور میں مزید 38 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، راولپنڈی میں 41، ملتان میں 11، گوجرانوالہ میں 16 اور شیخوپورہ میں دو افراد ڈینگی کا شکار ہوئے، اس کے علاوہ گجرات، چکوال، اور خانیوال میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 5 ہزار 580 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے جبکہ لاہور میں ڈینگی کے 2 ہزار 168 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔ علی جان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 126 مریض زیر علاج ہیں جبکہ لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 41 مریض داخل ہیں۔ سیکرٹری ہیلتھ نے شہریوں کو تاکید کی کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔