21 اکتوبر کو نواز شریف کا خطاب قومی نصب العین طے کرے گا، شہباز شریف

10-09-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر قائد نواز شریف کا خطاب قومی نصب العین طے کرے گا۔

صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)  شہباز شریف نے پارٹی کارکنوں کے نام پیغام میں کہا کہ نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے لئے محنت پر تمام کارکنان کو شاباش دیتا ہوں، مرد و خواتین اور نوجوان کارکنوں کا جذبہ، لگن اور پارٹی سے نظریاتی وابستگی مثالی ہے، پاکستان کی کامیابی کی ٹیم آپ ہیں، آپ کی دن رات کی محنت رنگ لائے گی۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  پاکستان کی کامیابی اتحاد اور اشتراکِ عمل میں ہے، خطے اور دنیا میں ابھرتے سنگین بحرانوں میں پاکستان کا اتحاد اور معاشی مضبوطی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، 21 اکتوبر کو نواز شریف کی وطن واپسی پاکستان کے اتحاد اور معاشی مضبوطی کی طرف اہم قدم ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بحرانوں سے نکالنے اور عوام کی توقعات کو پورا کرنے میں ہمیشہ قائد مسلم لیگ ن نے تاریخی کردار ادا کیا، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ایک بار پھر تاریخ اور اپنی سنہری روایت دہرائیں گے اور عوام کو مشکل سے نکالیں گے،ان شاءاللہ پوری کوشش کریں گے کہ نوازشریف کی قیادت میں سب ٹھیک کریں ۔ شہباز شریف نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن کی قیادت میں ہم نے ہمیشہ ملک کو بچایا ہے، اللہ تعالیٰ کے کرم سے پھر ایسا ہی ہوگا، یہ فیصلہ کن مرحلہ بھی ماضی کی روایتی ہمت اور قوت سے عبور کرنا ہے، آپ کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر قائد کا خطاب قومی نصب العین طے کرے گا، نواز شریف کی قیادت میں ملک گیر انتخابی مہم پوری قوت سے چلائیں گے۔