سائفر کیس، چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود پر فرد جرم کیلئے17 اکتوبر کی تاریخ مقرر

10-09-2023

(ویب ڈیسک) آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم کیلئے 17 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی۔

خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں سائفر سے متعلق کیس کی سماعت کی، سابق وزیراعظم اور شاہ محمود قریشی کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، سائفر کیس کی کارروائی کے لیے سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی اور وکیلِ صفائی سلمان صفدر عدالت پیش ہوئے۔  سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بیٹی اور بیٹا زین قریشی بھی اڈیالہ جیل پہنچے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی سے قانونی ٹیم کی جالیوں سے مختصر ملاقات کروائی گئی۔ اس موقع پر ایف آئی اے کی ٹیم اور تفتیشی افسر بھی چالان کی نقول لے کر اڈیالہ جیل پہنچ گئے اور  چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا میں چالان کی نقول تقسیم کیں۔ سماعت کے دوران پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کی مکمل نقول نہیں دے سکتے، تاہم جو ضروری نقول تھیں وہ فراہم کردی گئی ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے سرکاری گواہان کی طلبی کے نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی اور  چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فردِ جرم عائد کرنے کی تاریخ دیتے ہوئے 17 اکتوبر تک کیس پر سماعت ملتوی کر دی۔ سماعت کے بعد جج ابو الحسنات ذوالقرنین، پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اور ایف آئی اے کی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئی۔