'اپنے پیشے پر توجہ دو' وسیم اکرم کا شاہنواز دھانی کو مشورہ

10-08-2023

(لاہور نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر شاہنواز دھانی کے گانا گانے کی ویڈیو پر وسیم اکرم نے انہیں اپنے پیشے پر توجہ دینے کا مشورہ دے دیا۔

گزشتہ دنوں قومی ٹیم کے فاسٹ باولر حسن علی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں شاہنواز دھانی کو ایک تقریب کے دوران مائیک اٹھائے گانا گاتے دیکھا گیا تھا۔جس پر قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے پاکستان کے فاسٹ باولر شاہنواز دھانی کو اپنے کیرئیر سے جڑے رہنے اور اسی پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ حسن علی نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ  ہمارے درمیان ایک نیا گلوگار شاہنواز دھانی ۔ ویڈیو میں دھانی 1990 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم جرم کا مشہور گانا جب کوئی بات بگڑ جائے  گانے کی کوشش کر رہے تھے۔ نجی میڈیا شو کے دوران ایک صارف نے وسیم اکرم سے سوال پوچھا کہ کیا شاہنواز دھانی کو پاکستانی ٹیم میں کھلایا جا سکتا ہے جس پر انہوں کہا کہ کسی نے مجھے ایک ویڈیو بھیجی تھی جس میں شاہنواز دھانی گلوکاری کر رہے تھے، میں انھیں ایک مشورہ دینا چاہوں گا برائے مہربانی اپنے پیشے سے جڑے رہیں، آپ بہت بھونڈا گاتے ہیں۔