پاکستان کی ترقی کی لکیر صرف نواز شریف کے ہاتھ میں ہے: حمزہ شہباز
10-08-2023
(لاہور نیوز) نائب صدر مسلم لیگ ن و سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کی لکیر صرف نواز شریف کے ہاتھ میں ہے۔
اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبا ز نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن کی واپسی سے عوام کے حوصلے بلند ہوئے، کارکنوں کو نیا جذبہ ملا، نوازشریف کی واپسی ملک میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہے، قوم کا اتحاد، معاشی بحالی اور مہنگائی سے نجات مسلم لیگ ن کے قائد کا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی آمد پاکستان کی معاشی ترقی وخوش حالی کی تیاری ہے، چوتھی بار نوازشریف کا وزیراعظم بننا پاکستان کی معاشی ترقی کا چوتھا موقع ہو گا، چوتھی بار نوازشریف کا وزیراعظم بننا مہنگائی سے چوتھی بار عوام کی جان چھڑانا ہوگا، ہر بار گری ہوئی معیشت اور قومی وقار کو قائد مسلم لیگ ن نے ہی سنبھالا اور ہر بار نوازشریف کو زخم لگے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر بار نوازشریف نے پاکستان کو لگے زخم بھرے، تاریخ گواہ ہے کہ قائد مسلم لیگ ن نے کبھی انتقام نہیں لیا، مسلم لیگ (ن) اور اس کا ہر کارکن پاکستان کی ترقی کی ٹیم ہے، نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ڈلیور کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ ہر وعدہ پورا کیا، پاکستان کی ترقی اور مہنگائی سے عوام کی نجات کی لکیر صرف نوازشریف کے ہاتھ میں ہے، کارکن جس جذبے سے اپنے قائد کے استقبال کی تیاریاں کررہے ہیں وہ متاثر کن ہیں، مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں پر فخر ہے جو دِن رات قائد نوازشریف کو خوش آمدید کہنے کے لئے محنت کررہے ہیں۔