جناح ہسپتال میں مفت کڈنی ٹرانسپلانٹ کا کامیاب آپریشن

10-08-2023

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا غریب مریضوں کو صحت کی معیاری خدمات فراہم کرنے کا وژن کامیابی کی طرف گامزن ہے،جناح ہسپتال میں مفت کڈنی ٹرانسپلانٹ کا آپریشن کامیابی سے پایہ تکمیل کو پہنچ گیا۔

 سرکاری شعبے میں پہلے مفت کڈنی ٹرانسپلانٹ کا کامیاب آپریشن جناح ہسپتال لاہور کے شعبہ یورولوجی میں کیا گیا، سرکاری شعبے میں پہلے مفت کڈنی ٹرانسپلانٹ کی کامیاب تکمیل کے ساتھ ایک اہم سنگ میل حاصل کرلیا گیا۔  تمام ضروری ادویات بشمول امیونوسوپریسنٹس اور سرجیکل ڈسپوزایبل کا انتظام براہ راست ہسپتال سے کیا گیا۔ ملک میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ میں کڈنی  ٹرانسپلانٹ کا خرچہ 15 لاکھ روپے جبکہ پرائیویٹ سیکٹر 20 لاکھ روپے چارج کرتا ہے جبکہ جناح ہسپتال لاہور میں مکمل مفت ٹرانسپلانٹ کیا گیا۔ ترجمان ٹرانسپلانٹ پروگرام ڈاکٹر شبیر نے بتایا کہ رحیم یار خان کے 30 سالہ موٹر مکینک عصمت اللہ کو اس کی بیوی شمیم ​​نے گردہ عطیہ کرکے اس کی جان بچائی، دونوں مریض سرجری کے بعد مستحکم ہیں اور انہیں رینل ٹرانسپلانٹ وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔  ٹرانسپلانٹ ٹیم کے سربراہ پروفیسر نوید اقبال تھے جبکہ انکی ٹیم میں ڈاکٹر سلمان ارشد، ڈاکٹر شبیر چوہدری اور ڈاکٹر شاہجہان چوہدری شامل تھے۔