عام انتخابات نوے روز میں کروانے کی درخواست پر سماعت کیلئے متفرق درخواست دائر
10-07-2023
(لاہور نیوز) عام انتخابات نوے روز میں کروانے کی درخواست پر جلد سماعت کے لیے متفرق درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی۔
متفرق درخواست شہری منیر احمد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین میں 90 روز میں الیکشن کروانے کا واضح درج ہے۔ اس حوالے سے عدالت میں 90 روز میں ملک میں انتخابات کروانے کی درخواست زیر سماعت ہے جسے تاحال سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا گیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 90 روز میں الیکشن کا معاملہ انتہائی اہم ہے، لہذا عدالت درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے۔