نواز شریف کا دور جاری رہتا تو آج مہنگائی اور بجلی کے بل نہ بڑھتے، خواجہ آصف

10-07-2023

(لاہور نیوز) رہنما مسلم لیگ(ن) خواجہ آصف کا کہنا ہے نواز شریف کا دور جاری رہتا تو آج مہنگائی اور بجلی کے بل نہ بڑھتے۔

خواجہ آصف نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا نواز شریف صاحب 21 اکتوبر کو واپس تشریف لا رہے ہیں، انشاءاللہ وہ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے اور یہ تمام مسائل حل ہونگے کیونکہ ماضی میں انہوں نے یہ سب کرکے دکھایا ہے، نواز شریف نے تمام چیزوں کو لگام ڈال دی تھی، نواز شریف 11 روپے کا فی یونٹ بجلی چھوڑ کر گیا، آج بجلی کا فی یونٹ 55 روپے کا ہو چکا ہے، نواز شریف نے دنیا کے سستے ترین کارخانے لگائے، پی ٹی آئی کا چار سالہ دور تباہی کا دور تھا۔ خواجہ آصف نے کہا پاناما میں نواز شریف کا نام نہیں تھا، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، پاکستان کی تاریخ میں نواز شریف سے اپیل کا حق بھی لے لیا گیا، ایسا سلوک تو بدترین ملزموں سے بھی نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا آج پی ٹی آئی قیادت شور مچاتی ہے، کیا اس وقت انہیں یاد نہیں آیا، اب نواز شریف واپس آ رہا ہے اور چوتھی دفعہ وزیراعظم بنے گا، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جانے کے ایجنڈے کا نہیں پتا، نواز شریف ایک دو ملکوں سے ہو کر پاکستان آ رہے ہیں۔ رہنما مسلم لیگ(ن) خواجہ آصف کا کہنا تھا ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچا کر برے حالات کو ڈکا لگایا ہے، سمگلنگ رکنے سے ڈالر میں استحکام آیا ہے، سمگلنگ روکنے کی ہم نے بھی کوششیں کیں۔ ان کا مزید کہنا تھا غیرملکیوں کے خلاف ایکشن سے نتائج سامنے آ رہے ہیں، کرنسی سے لیکر تنور افغانیوں کے قبضے میں ہے، غیرملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کےاچھے اثرات سامنے آ رہے ہیں۔